• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ الیکشن کیلئے تیار، امیدواروں سے درخواستیں طلب، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ الیکشن کیلئے بالکل تیار ہے، امیدواروں سے ٹکٹوں کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں، 2017ء میں نواز شریف سے لیول پلیئنگ فیلڈ چھین لی گئی تھی،نمائندہ خصوصی جیو نیوز اعزاز سید نے کہا کہ سائفر کیس میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے معاملہ اب زیادہ طول نہیں پکڑے گا، سائفر کیس جنوری میں الیکشن سے تھوڑی دیر پہلے منطقی انجام تک پہنچ سکتا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تین بڑی سیاسی جماعتوں میں سے دو بڑی سیاسی جماعتیں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی اگلے الیکشن سے متعلق غیریقینی کا شکار ہیں، دونوں کو ہی شکایت ہے کہ اگلے انتخابات کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہے، ن لیگ ان اعتراضات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پراعتماد نظر آرہی ہے۔ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ وہ جماعتیں جو الیکشن مانگتی تھی اب صرف بیان بازی کررہی ہیں، ن لیگ الیکشن کیلئے بالکل تیار ہے، ہم نے الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے، امیدواروں سے ٹکٹوں کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں، پی پی پی نے نواز شریف کیخلاف پاناما کی سازش میں ساتھ دیا تھا،2017ء میں نواز شریف سے لیول پلیئنگ فیلڈ چھین لی گئی تھی، پی پی پی کو خوش ہونا چاہئے کہ ن لیگ کو لیول پلیئنگ فیلڈ واپس مل رہی ہے،سازش پر چھتری کے ساتھ پہرہ دینے والے کردار اب ریٹائر ہوچکے ہیں، ایک آزاد عدلیہ ہے جو نواز شریف کے ساتھ انصاف کرے گی، ن لیگ لیول پلیئنگ فیلڈ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی ایسی حماقت نہیں کی تھی جس کی بناء پر ہم سے 2018ء میں لیول پلیئنگ فیلڈ لے لی گئی تھی، پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال میں نہ ن لیگ نہ اسٹیبلشمنٹ کا کوئی قصور ہے، انہیں کس دانشور افلاطون نے نو مئی کو فوج کے اداروں اور شہیدوں کی یادگاروں پر حملے کا مشورہ دیا تھا، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عمران خان کو کس نے اسمبلی سے استعفے دینے کا مشورہ دیا تھا، عمران خان نے خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومتوں کی چھتری اپنے ہاتھوں سے ختم کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کے اہداف حاصل کرلیے ہیں، ہم اسٹیبلشمنٹ سے شکایت کرتے تھے کہ وہ سیاست میں مداخلت نہ کریں، پھر اسٹیبلشمنٹ نے فیصلہ کیا کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے،کیا یہ ووٹ کو عزت دو کے ہمارے موقف کی تائید نہیں ہے؟
اہم خبریں سے مزید