کراچی (جنگ نیوز) جیو ٹیلی ویژن کے شائقین کیلئے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے ایک اور نیا ڈرامہ سیریل ”ماں نہیں ساس ہوں میں“ کے عنوان سے تخلیق کیا ہے جو سماج کے دہرے معیار کا عکاس ہے۔ ایک حادثے کے نتیجے میں جدا ہوجانے والی بیٹی تقدیر کے فیصلے سے جب اپنے ہی گھر میں بہو بن کر آئے گی تو ماں کا رویہ یکسر ساس کے روپ میں ڈھل کر اس کی زندگی کو کس طرح کٹھن بنائے گا؟۔ یہی سب اس سیریل میں دکھایا جائے گا۔ ابو راشد اور سجاد حیدر زیدی کی تحریر کردہ کہانی کو سلیم گھانچی کی ہدایات نے دلکش بنادیا ہے۔ قمر ناشاد کی شاعری اور نوید ناشاد کی کمپوزیشن میں استاد راحت فتح علی خان کی مدھر آواز کا جادو ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی کی صورت ایک بیٹی کے احساسات کو بیان کررہا ہے۔ ڈرامہ سیریل کے نشیب و فراز کیا محبت کی ماری عریج کو ترساتے رہیں گے یا پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی ایک ساس کے روایتی رویئے کو مامتا کے احساس سے کرائیں گے روشناس؟۔ یہ سب کچھ ڈرامہ سیریل ”ماں نہیں، ساس ہوں میں“ میں سامنے لایا جائے گا۔ سیریل کے اہم کرداروں میں سنبل اقبال، حماد شعیب، ارم اختر، فرحان علی آغا، عائشہ گل، راشد فاروقی، ارضا محی الدین، کامران جیلانی، عصمہ آصف، عرفان موتی والا، فضیلہ لاشاری، سوانا راجپوت، بسمہ بابر اور مجتبیٰ عباس شامل ہیں۔ ڈرامہ جمعہ 3 نومبر سے روزانہ رات 7 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا۔