• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر اداکارہ عائشہ خان کی المناک موت، گھر سے 7 روز پرانی لاش ملی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیلی ویژن کی معروف سینئر ادکارہ عائشہ خان کی انکے گھر سے7 روز پرانی لاش ملی، پولیس کے مطابق عائشہ خان کی طبعی موت واقع ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی صف اول کی اداکارہ عائشہ خان 77 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں، وہ گلشن اقبال بلاک 7نجیب پلازہ میں واقع اپنے فلیٹ سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مردہ حالت میں پائی گئیں، پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متوفیہ طویل عرصہ سے گھر میں اکیلی رہتی تھیں، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اداکارہ کے فلیٹ سے تعفن اٹھا تو اہل محلہ نے پولیس کو بلا کر انکے فلیٹ کا دروازہ توڑ کراندر داخل ہوئےتو اداکارہ گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں جبکہ انکی لاش مسخ ہوچکی تھی، لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر متوفیہ کی لاش کو اسپتال منتقل کیا، جہاں پر متوفیہ کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا، پولیس کا کہنا ہےکہ متوفیہ بیمار تھی اور گھر میں اکیلی ہونے کی وجہ سے انکی دیکھ بھال نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے انکی طبعی موت واقع ہوئی ہے،اداکارہ کے بچے ملک سے باہر ہیں جس کی وجہ سے پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو سرد خانہ منتقل کردی ہے، پولیس کا کہنا ہےکہ ادکارہ عائشہ خان کے 3 بچے ہیں اور وہ ملک سے باہر مقیم ہیں ان سے رابطہ ہوگیا ہے، وہ ہفتہ کو کراچی پہنچیں گے، جسکے بعد اداکارہ کی لاش کو انکے بچوں کے حوالے کردی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید