اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصرکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو ایک ہفتے میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ ہفتہ کو سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو تھانہ بنی گالا اسلام آباد پولیس کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر پی ٹی آئی وکلا شعیب شاہین، بیرسٹر گوہر علی، سردار مصروف و دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایس ایچ او تھانہ بنی گالا اشفاق وڑائچ نے موقف اپنایا کہ اسد قیصر کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے تاکہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا اپنی قانونی کارروائی مکمل کرکے اسد قیصر کو اپنی تحویل میں لے سکیں۔