تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران نے طالبان حکومت کیساتھ اسرائیل خفیہ ایجنسی ʼموسادʼ کے 3 جاسوسوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے، ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق موساد کے تینوں ایجنٹس ایرانی شہری ہیں جنہیں دونوں ممالک کے درمیان پہاڑی خطے سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کی خبر ایسے وقت پر سامنے آئی جب طالبان وفد ہفتے کے روز تہران پہنچا ہے جو ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ سرکای ٹی وی کے مطابق تینوں افغان سرحد سے ایرانی میں خودکش ڈرون حملے کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں ایجنٹس کو تفتیش کیلئے ایران منتقل کیا جائے گا۔ ایران وزارتِ اطلاعات کے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ "ایران کے خفیہ خبر رسانی یونٹس نے دہشت گردانہ حملوں کے لئے ملک میں داخل ہونے والے اسرائیل خفیہ ایجنسی موساد کے ایجنٹوں پر مشتمل پورے نیٹ ورک کی نشاندہی کے بعد ،انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جاسوس عراقی علاقائی کرد انتظامیہ کی سرحدوں سے ایران میں داخل ہوئے ہیں۔ آپریشن میں جاسوسوں کے اسلحے، دھماکہ خیز مواد اور تکنیکی و مواصلاتی سامان کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ایران پہلے بھی اسرائیل پر الزام عائد کرچکا ہے کہ وہ اس کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کیلئے سبوتاژ کے حملوں اور قاتلانہ حملوں میں ملوث رہا ہے ۔