کوئٹہ (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہےکہ ملک کے موجودہ حالات میں ہمسایہ ممالک سے کشیدگی درست نہیں ہے، نواز شریف کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی بات کرنےکی سزا دی گئی، دنیا بھر کے ممالک ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات بنا رہے ہیں۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاوہ تمام سیاسی رہنما ہمسایہ ممالک کیخلاف بیان دے رہے ہیں، افغانستان کیساتھ تجارت 2 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، ملک کی موجودہ معاشی صورت حال میں ایک ایک روپیہ ضروری ہے، تجارت بڑھانے سےمعیشت بہتر ہوگی اور عوام کو روزگار ملے گا۔