لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ نازک ترین صورتحال میں اسلامی دنیا کے حکمران متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کی مدد نہیں کریں گے تو امت اور تاریخ ان کا احتساب کرے گی۔ بیانات اور قراردادیں نہیں،غزہ کو بچانے کےعملی اقدامات کیے جائیں،مسلم حکمران متحد ہوکر فلسطینیوں کی مدد نہیں کرینگے تو امت اور تاریخ انکا احتساب کریگی، حکومتوں کی خاموشی مسلمان عوام کے غیض وغضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، او آئی سی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے، بیانات اور قررادادوں کی بجائے غزہ کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔ امیر جماعت ایران، ترکی اور قطر کے دوروں کے پہلے مرحلے میں تہران میں ہیں۔ دورہ کے دوران وہ تینوں ممالک کے اہم سیاسی ومذہبی رہنماؤں اور اسلامی تحریکوں کے قائدین سے ملاقاتیں اور فلسطین میں وقوع پذیر انسانی المیہ کو روکنے کے لیے مشاورت اور تبادلہ کریں خیال کریں گے۔