راولپنڈی (نمائندہ جنگ) موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی راولپنڈی اور گردونواح کے اکثر علاقوں میں قدرتی گیس نایاب ہونا شروع ہوگئی ۔ رات کے وقت اس بنیادی ضرورت کی مکمل بندش اور دن کے اوقات میں انتہائی کم پریشر کیساتھ فراہم ہونے والی گیس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ابھی تو ہیٹرز اور گیزر کا استعمال ہی شروع نہیں ہوا اور حکومت نے گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کے باوجود یہ سہولت ہی ناپید کر دی ۔میڈیا ٹاؤن جہاں گزشتہ کئی ماہ سے صرف دن کے وقت گیس فراہم کی جاتی تھی اب وہ بھی نہ ہونے کے برابر فراہم کی جا رہی ہے، اسی طرح اڈیالہ روڈ، ڈیفنس روڈ، گلشن آباد، چمن زار ، جہانگیر روڈ،لالہ زار، اشرف کالونی، ویسٹریج اور پشاور روڈ ، سول لائن سمیت شاید ہی کوئی علاقہ ایسا ہوگا جہاں اس وقت گیس باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہو۔ صارفین کے مطابق آسمان سے باتیں کرتے گیس سلنڈر خریدنا ہر کسی کے بس میں ہے اور نہ ہی روزانہ ہوٹلوں سے روٹی خریدی جا سکتی ہے۔