• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے جی 7 کے حماس کی حمایت نہ کرنے کے مطالبے کو مسترد کردیا

تہران (اے ایف پی) ایران نے گزشتہ روز جی 7 کے اس بیان کو مسترد کر دیا جس میں ایران سے حماس کے جنگجوؤں کی حمایت اور مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے والے اقدامات بند کرنے کا کہا گیا تھا۔ایران کا بیان ترقی یافتہ معیشتوں کے جی 7گروپ کے وزرائے خارجہ کے ٹوکیو میں ہونے والے اجلاس کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے، جس میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے اور راہداری کی حمایت کا اظہار کیا گیا تھا۔جی سیون نے ایران سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ حماس کو مدد فراہم کرنے اورلبنانی حزب اللہ اور دیگر غیر ریاستی عناصر کی حمایت سمیت مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے والے مزید اقدامات سے گریز کرے۔گزشتہ روزایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جی 7گروپ کے بیان کی شدید مذمت کی،گروپ میں امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا، اٹلی، فرانس اور جاپان شامل ہیں۔ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران غزہ کے غیرمسلح شہریوں پر صیہونی جارح حکومت اسرائیل کے فوجی حملوں کو روکنے کے لیےکوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوکیو میں جی 7 وزرائے خارجہ کے گروپ کے اجلاس سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داری کو پورا کرے، جس میں غزہ میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صیہونی حکومت کے اقدامات کی مذمت بھی شامل ہے۔
اہم خبریں سے مزید