پیرس (اے پی پی) چین نے غزہ میں شہریوں کے خلاف اسرائیلی حملوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی ورزیوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ چین تنازعات کو کم کرنے اور امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو شہریوں کے تحفظ اور انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے سازگار ہو۔ مشرق وسطی معاملے سے متعلق چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژہائی جون نے گزشتہ روز فرانس میں غزہ کے شہریوں کی امداد سے متعلق بین الاقوامی انسانی کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک ماہ سے جاری فلسطین اسرائیل کشیدگی پر افسوس ہے، چین امن مذاکرات کو فعال طور پر فروغ دے رہا ہے اور فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے لیے مضبوط حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مخلصانہ طور پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی امید رکھتا ہے۔