تھرپاکر(نامہ نگار)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام سرپرائز اور پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے، عوام نے پانچ سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے اب آگے کوئی سلیکٹڈ راج قبول نہیں، جو کمرے میں بیٹھ کر اپنے لئے نتائج بنوا رہے ہیں انہیں جواب عوام دیں گے، عوامی حکومت آنے والی ہے، اشرافیہ کو نہیں،عوام کو فائدہ ہوگا، پاکستان کے عوام اِس بار کسی سازش اور سلیکٹڈ راج کو قبول نہیں کریں گے۔ الیکشن کے دوران عوام کے پاس دو تین جماعتوں کی چوائس ہوگی۔ ایک طرف جناح ہاؤس اور اداروں پر حملہ کرنے اور سانحہ9 مئی کی ذمے دار پی ٹی آئی ہوگی، جسے عوام ضرور مسترد کرینگے۔ دوسری طرف ہمارے وہ دوست ہیں، جو پی ٹی آئی کی نقل کرکے الیکشن لڑ رہے ہیں، اور وہ جو اپنے کمروں میں بیٹھ کر منصوبے بنا رہے ہیں اور اپنے رزلٹ ڈکلیئر کروا رہے ہیں، انہیں بھی پاکستان کے عوام 8 فروری کو جواب دیں گے۔ وہ دیوالی کی مناسبت سے ضلع تھرپارکر کے مرکزی شہر مٹھی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر ہر قسم کے امتیاز کو مسترد کرتی ہے۔ ’’ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو ہم مہنگائی لیگ کو ہرائیں گے، اگر آپ کا ساتھ ہے تو ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی پارٹی کو جتوائیں گے۔ اس بار عوام روایتی سیاست اور روایتی سیاستدانوں کو ہرا کر پیپلز پارٹی کو جتوائیں گے اور عوام کا راج قائم کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ8 فروری کو عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت ملک بھر کے پسماندہ طبقات کی بہبود کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر کسان کارڈ اور مزدور کارڈ کا اجراء کرے گی۔ پی پی پی چیئرمین کا آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے کہنا تھا کہ اگر سابق صدر آصف علی زرداری کی چند مہینوں کی محنت سے مخالف جماعت کا وزیراعظم بن سکتا ہے، تو انہی کی کاوشوں سے آنے والے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم جیالے بھی بن سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈیول جاری نہ کرنے کی وجہ سے ہماری پارٹی نے انتخابی مہم کا آغاز نہیں کیا۔