اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے چینی جدیدیت اور سفارت کاری کے موضوع کے تحت دوستی پارک کلب کے فریم ورک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاص طور پر مشترکہ مستقبل کے خواہشمند ممالک کے درمیان امید اور اعتماد پیدا کرنے کے طریقوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے متاثر کن اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے ابتدائی حاصل کو یاد کیا اور 25.4 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری اور 2 لاکھ 36 ہزار افراد کے لیے ملازمتوں کا حوالہ دیا۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر سی پیک کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے 510 کلومیٹر ہائی ویز، 868 کلومیٹر قومی سڑکوں اور 8020میگاواٹ بجلی کے منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے پاکستانی عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئے گی اور گوادر میں نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی جلد فعال ہو جائے گا۔ ہم بلوچستان کے لوگوں کے لئے 10 ہزار سولر پینلز سمیت دیگر فوائد بھی لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار نے مقامی کمیونٹیز کے لیے ٹھوس فوائد ظاہر کیے ہیں، جس سے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔