• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سویلا بریورمین نے برطرفی کے بعد وزیراعظم سوناک پر الزامات کی بوچھاڑ کردی

لندن (پی اے) سابق وزیراعظم داخلہ سویلا بریورمین نے اپنی برطرفی کے بعد وزیراعظم رشی سوناک پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ وزیراعظم کے نام خط میں انہوں نے اپنے سابق سربراہ پر بنیادی پالیسیوں پر عمل کرنے میں ناکامی اور امیگریشن کے حوالے سے وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک خفیہ ڈیل کے تحت کابینہ میں شامل ہوئی تھیں اور کابینہ میں شامل ہونے سے پہلے بنیادی شعبوں کے بارے میں کچھ وعدے کئے گئے تھے۔ بریورمین نے اس سے قبل اسائلم سیکرز کو روانڈا بھیجنے کے منصوبے کو اپنا دیرینہ خواب قرار دیا تھا۔ انہوں نے روانڈا کا ذکر ایک ایسے وقت کیا ہے جب برطانیہ کی سپریم کورٹ اس ملتوی شدہ اسکیم کے قانونی ہونے کے بارے مین اپنا فیصلہ سنانے والی ہے اور سپریم کورٹ کی یہ رولنگ رشی سوناک کی حکومت کی بنیادی پالیسی کا اہم موڑ ثابت ہوگی اور اس سے پارٹی میں مزید بے چینی اور ٹوٹ پھوٹ کو ہوا ملنے کا امکان ہے۔ انہوں نےدعویٰ کیا ہے کہ میری حمایت کی وجہ سے رشی سوناک کو مطلوبہ تعداد میں ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہو سکی اور وہ 10 ڈائوننگ اسٹریٹ میں داخل ہو سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے حکومت میں رہتے ہوئے حقوق انسانی سے متعلق قوانین میں کٹوتی پر زور دیا تھا تاکہ روانڈا سے متعلق پالیسی کو قانونی چیلنجوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لیکن غیر قانونی مائیگریشن ایکٹ کی منظوری کے دوران رشی سوناک کی جانب سے کمپرومائز ز کی وجہ سے حقوق انسانی کے یورپی کنونشن کے تحت اس کو چیلنج کرنے کے راستے کھل گئے اور اگر سپریم کورٹ اسے قانونی قرار دیدے تو بھی اسے چیلنج کیا جا سکے گا اور اگر فیصلہ حکومت کے خلاف آیا تو چھوٹی کشتیوں کے ذریعہ اسائلم سیکرز کی آمد روکنے کے لئے اقدامات کا ایک سال ضائع ہو جائے گا۔ اس سے زیادہ خراب بات ان کی یہ سوچ ہے کہ نرم رویہ ختم کئے بغیر اپنے مقاصد پورے کرلیں گے۔ اس کے معنی یہ ہوئے کہ آپ نے کوئی پلان ہی تیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سچ کا سامنا کرنا چاہئےآپ کا پلان کامیاب نہیں ہو رہا تھا ، جس پر ہمیں الیکشن میں ہزیمت اٹھانا پڑ رہی تھی آپ کو اپنی سمت فور طور پر دوبارہ متعین کرنی چاہئے۔ بریورمین نے کہاکہ رشی سوناک ہماری سڑکوں پر بڑھتی ہوئی صیہونیت مخالف اور انتہا پسندی کے چیلنج کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے۔ بریورمین کا کہنا ہے کہ وہ جس معاہدے کے تحت وزیر داخلہ بنی تھیں اس میں اس بات کی پختہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ قانونی مائیگریشن میں کمی کی جائے گی، حقوق انسانی کے یورپی کنونشن کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ چھوٹی کشتیوں کی آمد کو روکا جا سکے۔ بریگزٹ کے بارے میں بنیادی قانون بنایا جائے گا اور بایولوجیکل سیکس کے حوالے سے اسکولوں کو غیر مبہم گائیڈنس دی جائے گی اور سنگل سیکس کی گجہ کا تحفظ کیا جائے گا۔

یورپ سے سے مزید