کراچی، لاہور، ملتان (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پاکستان میں عام انتخابات قریب آتے ہی ملکی سیاست میں امریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر متحرک، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نوازشریف، جہانگیر ترین اور یوسف رضا گیلانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی.
قائد (ن) لیگ نواز شریف اور ڈونلڈ بلوم ملاقات میں سیاسی و معاشی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی تیاریوں پر بات چیت ہوئی، سابق صدر آصف علی زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ ملاقات میں دونوں نے پاک برطانیہ تعلقات پر بات چیت کی
، یوسف رضا گیلانی نے ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام لایا جا سکتا ہے، امریکی سفیراور استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور اکنامک ریفارمز کے حوالے سے بات چیت کی گئی
دوسری جانب تحریک انصاف نے امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا اعلامیے کے مندرجات اس سازش کا تسلسل ہیں جسکے تحت ہماری حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔
جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پرعام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ میاں نواز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے خاص طورپر مختلف امریکی رہنمائوں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کرینگے۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوںمیں تعاون پر گفتگو کی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور میاں نواز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔
انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکا اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔
امریکی سفیر اور محمد نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ نوازشریف نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔
انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کیساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
ملاقات میںپارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔ امریکی سفیر اور آئی پی پی کی قیادت کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔
جہانگیر ترین نے انسانی حقوق کے حوالے سے اپنا مؤقف امریکی سفیر کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی قیادت بھر پور انداز سے اپنی انتخابی اور سیاسی سرگرمیاں شروع کرچکی ہے، آئی پی پی عام انتخابات کیلئے تیار ہے۔