• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آشیانہ ریفرنس، شہباز شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 10 ملزمان بری

لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) احتساب عدالت کے جج ملک علی ذولقرنین اعوان نے آشیانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف ، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 10ملزمان کو بری کردیا، عدالت نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا، بری ہونے والے دیگر ملزمان میں بسم اللّٰہ کنسٹریکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر،اسرار سعید اور عارف بٹ وغیرہ شامل ہیں ،دوسری جانب نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نے کہا کہ آج فیصلہ ضرور ہوا انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے،سابق وزیر اعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف کی آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر لیگی رہنمائوں اور کارکنان نے اظہار تشکر کرتے ہوئے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا احتساب کے نام پر انتقام لیا گیا ، جھوٹ کی سیاہی آخر مٹ رہی ہے، اللّٰہ نے شہباز شریف کو سروخرو کیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ملک علی ذولقرنین اعوان نے آشیانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف ، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 10ملزمان کو بری کردیا، عدالتی سماعت پر احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو مستقل حاضری سے استثنیٰ حاصل تھا۔ عدالت اس کیس میں ریفرنس میں دو مرکزی ملزمان ندیم ضیاء اور کامران کیانی پہلے ہی بری کرچکی ہے،نیب ریفرنس تین والیومز اور ایک ہزار صفحات پرمشتمل تھاجس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا،عدالت میں 30 سے زائدگواہان نےبیانات قلمبند کرائے،مقدمے میں نیب کی جانب سے 86 گواہان شامل تھے،عدالت کی جانب سے دس ملزمان کیخلاف فرد جرم عائد کی گئی،عدالتی فیصلے کے بعد نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالی کا شکر ہے اس نے مجھے آزمائش سے سرخرو کیا،مجھے وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا گیاآج فیصلہ ضرور ہوا ہے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے،جب ظلم کیا گیا تو سب کے سامنے تھامیں ملازمت سے استعفیٰ دے دیا،میں نے چار پانچ سال جو عوام کا رویہ دیکھا اس پر ضرور افسوس رہے گا،عوام کے رویے کی وجہ سے استعفیٰ دیا،ملازمت میں واپس نہیں جاؤں گا مگر عوامی خدمت جاری رکھوں گا، نیب ریفرنس کے مطابق 16ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے 61 کروڑ روپے جمع کروائے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015کو معاہدہ کیا تین سال گزرجانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکاکمپنیوں کی وجہ سے پنجاب حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف کی آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر لیگی رہنمائوں اور کارکنان کی جانب سے پارٹی دفاتر میں ایک دوسرے کو مبارک کباد دینے کے ساتھ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔(ن) لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے شہبازشریف کو جھوٹے مقدمے میں عزت سے سرخرو فرمایا ،شہباز شریف کی بریت پر پورے پاکستان، پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارک ہو۔

اہم خبریں سے مزید