کراچی(نیوزڈیسک)بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے ریاست بھر میں حلال سرٹیفائیڈ کھانے کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش حکومت نے حلال ٹیگ کی حامل کھانے کی مصنوعات پر پابندی لگا دی ہے اور یہ حکم نامہ فوڈ کمشنر کی جانب سے جاری کیا گیا۔ فوڈ کمشنر کے دفتر نے سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ ایسی مصنوعات کی تیاری، انہیں ذخیرہ کرنے، تقسیم کرنے اور فروخت کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ کھانے کی مصنوعات کی حلال سرٹیفیکیشن ایک متوازی نظام ہے جو کھانے کی اشیا کے معیار کے حوالے سے الجھن پیدا کرتا ہے اور مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 89 کے تحت قابل عمل نہیں ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ کھانے کی اشیا کے معیار کا فیصلہ کرنے کا حق صرف مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 29 میں دیے گئے حکام اور اداروں کے پاس ہے جو ایکٹ کی دفعات کے مطابق متعلقہ معیارات کی جانچ کرتے ہیں۔