نارووال (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند جرنیلوں ،ججوں نے پاکستان کو اناڑی کے سپرد کیا،نارووال سے الیکشن مہم کا آغاز کر رہے ، نئی حکومت کو تین سال محنت کرنا پڑے ۔احسن اقبال نے کہا کہ جب ملک کامیاب ہو رہا تھا تو پاکستان کے اندر سے چند جرنیلوں چند ججوں نے مل کر اپنے لالچ یا کسی سوچ یا اپنی بیگمات بچوں کے کہنے میں آکر پاکستان کو ایک اناڑی کے سپرد کر دیا اس نے جو تجربے کئے اناڑی پن دکھایا اس سے ترقی کرتا پاکستان دوبارہ نیچے کی طرف چلا گیا۔انہو ں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی اقتصادی حالت اس طرح نہیں جو حکومت آئے گی کوئی معجزہ کر سکے گی۔ جو بھی نئی حکومت آئے گی تین سال محنت کرنا پڑے گی جو سوراخ ہماری معشیت میں کئے جا چکے ہیں ان سوراخوں کو پر کرنے کے لئے محنت کرنا پڑے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ ملک کوئی تھیٹر نہیں ہے جس میں ہمیں مداریوں کی ضرورت ہے یہ ملک ایک ایٹمی طاقت ہے ایک ایٹمی ملک تب کامیاب ہوتا ہے۔ جس کی کامیاب معشیت ہو۔ آج پاکستان کو ایک سنجیدہ فیصلے کی ضرورت ہے جو ملک کو بربادی کے راستے سے نکال کر ترقی کے راستے پر ڈال سکے ۔