لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں ظلم پر نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں کی قیادت خاموش، امریکا کے خوف سے فلسطین کا نام نہیں لیتے، اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کا کردار میر جعفر ،میر صادق جیسا ہے،جہاد کے بغیر فلسطین کشمیر آزاد نہیں ہوں گے،او آئی سی سربراہی کانفرنس کے مردہ اعلامیے کا کوئی اثر نہیں لیا گیا۔ پاکستان کا بچہ بچہ مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہانے کو تیار ہے۔ جہاد کے بغیر فلسطین کشمیر آزاد نہیں ہوں گے۔بلوچستان اور سندھ کو فتح کرنے کے دعوے ہو رہے ہیں، یہ حکمران اپنے عوام اور شہروں کو ہی زیر کر سکتے ہیں، ان میں جارح اور ظالم کے خلاف بولنے کی جرات نہیں، قوم عہد کرے آئندہ انتخابات میں امریکی ایجنٹوں کو پاکستان فتح نہیں کرنے دیں گے،او آئی سی سربراہی کانفرنس کے مردہ اعلامیے کا کوئی اثر نہیں لیا گیا،ڈاکٹر نواف تکروری نے کہا کہ غزہ کی قربانیوں سے دنیا بیدار ہو گئی،لیاقت بلوچ ،جاوید قصوری،جواد نقوی اور امیر العظیم نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر قومی کانفرنس بلائی جائے،غزہ کے مظلومین 58اسلامی ممالک کے منتظر ہیں۔ سراج الحق نے اسرائیلی سفاکیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر یہ معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عام پر اہل فلسطین کی مدد نہیں کر سکتے، تو کم از کم عوام کے لیے ہی راستہ کھول دیں۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے اہل فلسطین کی مدد کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کے مقصد کے تحت ایران، ترکی اور قطر کا دورہ کیا۔