کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کیا خاور مانیکا کا بیان درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ خاور مانیکا نے جو کچھ کہا وہ انتہائی شرمناک،بھیانک اور گھناؤنا ہے، عمران خان کی شخصیت کے بارے میں اسی طرح کی باتیں ریحام خان نے اپنی کتاب میں کی تھیں۔
ارشاد بھٹی نے کہا کہ توقع تھی خاور مانیکا بنی گالہ، زمان پارک میں ہونے والی سازشوں، پونے چار سال میں مبینہ لوٹ ماراور نکاح و عدت کے حوالے سے گفتگو کرے گا،لیکن خاور مانیکا نے جو کچھ کہا وہ انتہائی شرمناک،بھیانک اور گھناؤنا ہے
خاور مانیکا 28 سال ایک خاتون کے ساتھ رہتا ہے جوا س کے بچوں کی ماں بھی ہے اور چھ سال بعد اسے سربازار رسوا کردیتا ہے، خاور مانیکا آج کہہ رہا ہے بشریٰ بی بی اور عمران خان کا کوئی کردار نہیں پہلے اللہ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا تھا کہ بشریٰ بی بی دنیا کی پاک ترین خاتون اور عمران خان بھلا انسان ہے، خاور مانیکا کتنا بے بس تھا کہ اس کی ماں بھی کہتی تھی عمران خان اچھا آدمی نہیں ہے
بشریٰ بی بی رات بھر عمران خان سے باتیں کیا کرتی تھیں، اس کی مرضی کیخلاف عمران خان کے گھر چلی جایا کرتی تھیں لیکن یہ کتنا بے بس اور مجبور تھا کہ کچھ نہ کرسکا، خاور مانیکا کہتا ہے ہم نے عمران خان دور میں جو موجیں لوٹیں اور جو پروٹوکول ملا وہ ساری بچوں کی وجہ سے تھیں، جو تبادلہ اور تعیناتیاں ہم نے مبینہ طور پر کروائیں اور اس سے کمایا وہ بچوں کی وجہ سے تھا
خاور مانیکا اس کی ساری ذمہ داری بشریٰ بی بی پر ڈال کر کہتا ہے میں دودھ کا دھلا ہوں، خاور مانیکا کا بحیثیت کسٹم افسر ریکارڈ سب کے سامنے ہے، عمران خان کے دور میں خاور مانیکا مبینہ طور پر شوہر اول مشہور تھا، عمران خان دور میں خاور مانیکا کے کردار سے متعلق کمیشن بنایا جائے۔