دیر بالا (ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے مہنگائی لیگ کا چہرہ دیکھ لیا‘ شیر تو بلی نکلا‘ اسلام آباد کے حکمرانوں کو احساس نہیں کہ عوام کتنی تکلیف میں ہیں‘ نظر نہیں آ رہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو موقع ملے گا، ہمیں نفرت کی سیاست کو چھوڑنا پڑے گا‘ملک کو بحران سے نکالناہے تونئی سیاسی قیادت کو اپناناہوگا ‘ بزرگ سیاستدانوں نے ہر چیز کو انا کا مسئلہ بنارکھا ہے، بزرگ سیاستدان ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں، پنجاب کے سیاستدانوں کی سیاست یہ ہے کہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے، بزرگوں کی نفرت کی سیاست نقصان دہ ہے۔ منگل کو دیربالامیں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہناتھاکہ معلوم نہیں کہ بزرگ سیاستدانوں کے ارادے کیا ہیں؟ وہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں۔سیاسی جماعتوں کا ارادہ ہے کہ 18ویں ترمیم تبدیل کریں‘ وہ الیکشن جیتیں گے نہ انہیں دو تہائی اکثریت ملے گی‘خدانخواستہ اگر خان صاحب کو موقع ملا تو وہ بھی ذاتی حساب لیں گے۔ ان لوگوں کو گھر بٹھانا ہے جو دو دو بار وزیراعظم بن چکے ہیں۔ یہ لوگ سیاست نہیں کر رہے بلکہ ایک دوسرے سے ذاتی جنگ میں مصروف ہیں‘خاص طور پر لاہور کے سیاستدانوں کا خیال ہے کہ صرف وہی کھیلیں گے اور دوسرا کوئی کھیل میں حصہ نہیں لے سکتا۔