برسلز/ وارسا(حافظ اُنیب راشد ) پاکستان ہاکی کے سابق پلیئر اور پولینڈ کے مقامی ہاکی کلب کے کوچ سید طاہر علی شاہ نے کہا ہے کہ عہدے کی دوڑ نے پاکستان ہاکی کا پہلے ہی بیڑہ غرق کیا ہوا ہے اور اب ایک بار پھر عہدوں کی بندر بانٹ نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے جن سابق سیکرٹریز کے بارے میں صدر پی ایچ ایف کے بیانات سننے کو مل رہے تھے کہ ان لوگوں نےاپنے اپنے ادوار میں بد عنوانی کی انتہا کردی تھی اور بقول صدرپاکستان ہاکی فیڈریشن ان کے پاس اتنے ثبوت موجود ہیں کہ جب چاہیں ان لوگوں کو ہتھکڑی لگوا دیں، ابھی ان بیانات کی گونج مدھم نہیں ہوئی تھی کہ گزشتہ 09 برس سے فیڈریشن کی صدارت پر موجود صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انہی لوگوں کو ایک بار پھر ہاکی کی باگ ڈور دے دی ہے ۔ سید طاہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی فیملی نےان اقدامات پر شدت سے اعتراضات اٹھائے ہیں اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ سجاد کھوکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے ماضی میں دیئے جانے والے بیانات اور بد عنوانی میں ملوث سابقہ عہدیداران کو دوبارہ عہدے دینے پر وضاحت پیش کریں۔ انہوں نے پیٹرن اِن چیف ہاکی فیڈریشن وزیراعظم پاکستان سے بھی گزارش کی کہ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں فوری سخت احتساب کیا جائے اور قومی کھیل کے ساتھ ہونے والے کھلواڑ پر فوری ایکشن لیں اور بد عنوان ٹولے سے قومی کھیل کی جان چھڑوائیں۔