• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے خلاف سازش کی کیا ضرورت تھی، کروڑوں کے نمائندہ وزیراعظم کو 5 بندوں نے اٹھاکر پھینکا، بالکل ایسے جیسے کلہاڑا چلا دیا، نوازشریف

سیالکوٹ (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف سازش کی کیا ضرورت تھی، کروڑوں کے نمائندے وزیراعظم کو 5بندوں نے اٹھا کر پھینکا، بالکل ایسے جیسے کلہاڑا چلا دیا، اس وقت کے ججوں کو ہمارے خلاف فیصلہ دینے کی کیا ضرورت تھی، ’’وہ‘‘ آیا نہیں لایا گیا تھا، لانے والے بھی اتنے ذمہ دار ہیں جتنا وہ خود، دوبارہ اگر کوئی غلطی کرے گا تو پکڑنا بھی آپ نے ہی ہے، صبح وزیر اعظم شام کو ہائی جیکر بن گیا، سمجھ نہیں آیا جیل کیوں بھیجا گیا، جہاں آئے دن وزیراعظم بدلتے ہوں وہاں ملک کیسے چل سکتا ہے؟ مجھے سزائے موت دلوانے کی کوشش کی گئی، اچانک کسی کو کیا ہوتا ہے، ہنستا بستا ملک اجاڑ دیا جاتا ہے، ایسے بندے کو لایا گیا جسے صرف گالی دینا آتی ہے، عوام کو مہنگائی اور غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری ہے، معیشت کی بہتری کیلئے دلیری کیساتھ فیصلے کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیالکوٹ چیمبرآف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سیالکوٹ کو ترقی کے سفر میں بہت آگے ہونا چاہیے تھا، سیالکوٹ موٹروے بننا چاہیے تھا۔ نواز شریف نے کہاکہ مریم سرکاری عہدہ نہ ہونے کے باوجود جیل گئیں، آج تک سمجھ نہیں آئی خواجہ آصف کیوں جیل گئے؟۔نواز شریف نے کہا کہ پہلی بار طیارہ سازش کیس میں جیل گیا، ایک بار نہیں 2 بار جیل دیکھی، مجھے سزائے موت دلوانے کی کوشش کی گئی، جھوٹ اور منافقت نہیں کرنی چاہیے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، وزیراعظم میں بیٹھا تھا گلے میں رسی ڈال کر نکالا گیا۔انہوںنے کہاکہ جہاں آئے دن وزیراعظم بدلتے ہوں وہاں ملک کیسے چل سکتا ہے؟ ہمارے خلاف بلاوجہ انتقامی کارروائیاں ہوتی رہیں، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر میری چھٹی کردی گئی۔نواز شریف نے کہا کہ کروڑوں لوگوں کے نمائندے کو 5 بندوں نے اٹھا کر باہر پھینکا، سمجھ نہیں سکا کہ جیل کیوں دیکھنی پڑی، الیکشن میں ہیرا پھیری کیوں کی؟ آر ٹی ایس کیوں بند کیا؟ بلاوجہ ہماری حکومت کو ختم کیا گیا، ایسے بندے کو لایا گیا جسے صرف گالی دینا آتی ہے، ایسے بندے کو لاے والے اتنے ہی ذمہ دار ہیں۔مسلم لیگ (ن )کے قائد نے کہا کہ گالم گلوچ کے کلچر سے ملک کو نقصان ہوا، عام آدمی کا گزارہ اب ایک لاکھ روپے میں بھی نہیں ہورہا، ہم نے کام کیے اہداف بھی حاصل کیے، ہمارے دور میں پاکستان ترقی کی مثال بن چکا تھا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہنستے بستے پاکستان کو حسد اور بغض نکالنے والوں کے حوالے کردیا، ہماری معاشی ہی نہیں خارجہ پالیسی بھی کامیاب رہی، سیاسی استحکام سے ملک ترقی کریگا۔مسلم لیگ (ن )کے قائد نے کہا کہ 2018 میں ہمیں حکومت بنانے سے محروم کیا گیا ، قوم کو ان چیزوں کو دیکھنا ہوگا، گزشتہ دور میں نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا۔ عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ سازشیں کرکے پاکستان اجاڑدیا گیا، ہم ملک و قوم کو مسائل سے نکالنے کے لئے ملکر جدوجہد کریں گے، بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، عوام کو مہنگائی، غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے، ہمیں ملکی معیشت کی بہتری کے لئے دلیری اور بہادری کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کے ساتھ وفا نبھا رہا ہوں ، ہمیں بلاوجہ سزائیں دی جاتی رہی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید