اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی سے متعلق قائم کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کیس میں نگراں وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ دفاع اور وزیرِ انسانی حقوق کو طلب کر لیا۔ امید ہے نگراں وزیرِ اعظم، نگراں وزراء اور سیکرٹریز ٹھوس نتائج کے ساتھ عدالت میں پیش ہونگے۔عدالتِ عالیہ نے بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی سے متعلق قائم کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیس کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے گزشتہ سماعت کا 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ۔سیکرٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع کو بھی 29 نومبر کو 11 بجے عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نگراں وزیرِ اعظم اور نگراں وزیرِ داخلہ نے اس مسئلے پر کوئی مثبت اقدام نہیں کیا، نگراں وزیرِ اعظم، نگراں وزراء اور سیکرٹریز پیش ہو کر بتائیں کہ معاملے کو اہمیت کیوں نہیں دے رہے؟ ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ نگراں وزیرِ انسانی حقوق، سیکریٹری داخلہ اور دفاع بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔