کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیسٹ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ٹریڈ کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد یونائیٹڈ کو دے دیں گے جبکہ ان کی جگہ اسلام آباد کے دو کھلاڑی پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ کا حصہ ہوں گے۔ کوئٹہ کی ٹیم گذشتہ دو سال سے خراب کارکردگی دکھارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریڈ کے لئے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل فرنچائز کے درمیان 90 فیصد معاملات طے بھی پا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نسیم شاہ کی جگہ اعظم خان کو شامل کرنے کا خواہاں ہے جبکہ پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں محمد وسیم جونیئر کی بھی گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے کی امید ہے۔ اعظم خان نے گذشتہ سیزن میں اسلام آباد کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔کوئٹہ سے وابستہ ایک اہم شخصیت اس وقت ٹی ٹین لیگ کے لئے ابوظبی میں ہے ان کی وطن واپسی پر اس معاملے میں مزید پیش رفت ہوگی۔