کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کے پر کترتے ہوئے یکطر فہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے بھی زمبابوے کو ہراکر لاسٹ فور مرحلے تک سائی کی امید جگالی۔ جمعرات کو احمد آباد میں جنوبی افریقا نے 177 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کپتان ایڈن مارکرم 46 گیندوں پر 82 ،کوئنٹن ڈی کاک نے 47 اور ریان ریکلٹن نے 45 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ قبل ازیں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا ، ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں پر 176 رنز بنائے۔ 83 رنز پر ساتویں وکٹ گرنے کے بعد جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے آٹھویں وکٹ کیلئے 89 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ جیسن ہولڈر 49 رنز بناکر آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے جبکہ روماریو شیفرڈ 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، یہ ان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری ہے۔ لنگی نگیدی نے 3، کگیسو ربادا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب بھارت نے زمبابوے کو 72 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ۔ چنئی میں 257 رنز کے تعاقب میں زمبابوے 6 وکٹوں پر 184 رنز بناسکی۔ اوپنر برائن بینیٹ کی 97 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز رائیگاں گئی، انہوں نے59 گیندیں کھیلیں،8 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ ارشدیپ سنگھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں زمبابوے نے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ کیا ۔ بھارت نے چار وکٹ پر 256 رنز رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ ابھیشیک شرما 55، ہاردک پانڈیا 50، تلک ورما 44، سوریا کمار یادیو 33، سنجو سیمسن 24 اور ایشان کشن نے 38رنز بنائے ۔ بھارت نےآخری پانچ اوورز میں بغیر کوئی نقصان 80 رنز بنائے ۔