حیدرآباد (بیورو رپورٹ) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے دورے کے دوران اسٹیوٹا کی کارکردگی کا بھانڈا پھوٹ گیا، انسٹیٹیوٹ میں وزیر اعلیٰ کے دورے کے موقع پر بچوں کو کہیں اور سے لاکر بٹھانے اور بنے بنائے ویلڈنگ ماڈل رکھنے کا انکشاف ، کوہسار مونو ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کے تربیتی ورکشاپ میں مختلف شعبہ جات میں پریکٹیکل کا کام کئی ہفتوں سے بند ہونے، اسٹاف کی غیر حاضری سمیت دیگر امور کی شکایات، اسٹیوٹا انسٹیٹیوٹ چلانے میں ناکام،نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیوٹا کی فارنزک آڈٹ اور انکوائری کی ہدایت جاری کردی، تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے گذشتہ روز حیدرآباد کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے مختلف اداروں کا بھی وزٹ کیا،نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے اسٹیوٹا کے زیر انتظام چلنے والے لطیف آباد کے علاقے کوہسار میں قائم مونو ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا جہاں پر سہولتوں کی عدم فراہمی،اسٹاف کی غیر حاضری سمیت دیگر مسائل پر برہمی کا اظہار کیا، دورے کے دوران انہوں نے انسٹیٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرنے کے ساتھ ماڈل کلاسز میں بچوں کی حاضری کم ہونے پر پرنسپل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیوٹا یہ انسٹیٹیوٹ چلانے میں ناکام رہا ہے۔