اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر انہیں بری ہونے کے بعد کہا کہ میں نے تمام معاملات اللہ پر چھوڑ دیئے تھے، اللہ تعالیٰ نے آج سرخرو کیا ہے، العزیزیہ بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے، آج میرے ساتھ انصاف ہوا ہے ۔میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔دریں اثناء سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا۔شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قائد کو سلام پیش کرتاہوں کہ جس نے زندگی کے تلخ ترین لمحات میں بھی ہمت نہیں ہاری ۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا، میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا ۔بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو قائد محمد نواز شریف کی بریت مبارک ہو ۔