کراچی (اے پی پی) سندھ حکومت نے نجی شعبہ کی شراکت (پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ)میں 51.6 ارب روپے کے سب سے بڑے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دئیےہیں، نبی سر سے وینجھیار واٹر سپلائی پروجیکٹ سے تھر کول بلاک ون میں پانی کی ترسیل یقینی بن جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر قانون عمر سومرو نے کراچی کے نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطاق منصوبے کا معاہدہ سندھ حکومت اور کویت کی کمپنی انٹر ٹیک واٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین ہوا۔ عمر سومرونے کہا کہ پہلی مرتبہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، نبی سر ٹو وینھجیار واٹر سپلائی منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کرنے پر کویت حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔تقریب میں نگران وزیر قانون عمر سومرو، کویت کے عبداللہ مبارک الصبح، سیکرٹری قانون علی احمد بلوچ اور دیگرنے شرکت کی۔نگران وزیر قانون نے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے تھر کول بلاک سے 1650میگا واٹ بجلی حاصل کرنے میں مدد ملے گی،منصوبہ کے تحت فراش ایکس ریگولیٹر سے نبی سر تک کینال تعمیر کی جائے گی۔