• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت کا چنگ چی رکشہ بند کروانے کا اصولی فیصلہ

لاہور (صباح نیوز،این این آئی)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے چنگچی رکشا اور رکشا بنانے والی ورکشاپس کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ پنجاب حکومت نے چنگ چی رکشہ بند کروانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ چنگ چی رکشوں کو تیس دن کی وارننگ دی گئی اور اس کے بعد غیر قانونی موٹر سائیکل اور لوڈر رکشہ بنانے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا۔محکمہ ٹرانسپورٹ سے غیر منظور شدہ رکشوں کو پہلے بڑے شہروں میں بند کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلہ میں چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بند کیا جائے گا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ چنگ چی رکشے کی آئندہ مینوفیکچرنگ پر پابندی ہو گی جبکہ چنگ چی رکشہ کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ مینو فیکچرنگ کمپنیوں کو ریگولرائز کیا جائے گا۔30 روز کی مہلت کے بعد ان تمام رکشوں کے خلاف کریک ڈائون ہوگا،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت صرف لاہور شہر میں 80ہزار سے زائد موٹر سائیکل رکشے چل رہے ہیں جن میں سے صرف 20 فیصد رجسٹرڈ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیف سیکرٹری پنجاب اختر زمان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چنگ چی رکشہ بند کروانے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، اس کی 900 غیر قانونی ورک شاپس ہیں، نیا چنگ چی رکشہ بنے گا اور نہ ہی وہ مارکیٹ میں آئے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے مصنوعی بارش کے دو منصوبے زیر غور ہیں تاہم ورلڈ بینک حکام ان منصوبوں سے متفق نہیں ہیں۔