• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات سے پیدل چلنا بھی محال

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی کے علاقہ چاندنی چوک میں ٹریفک کا نظام درہم برہم اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا۔ چاندنی چوک کمرشل مارکیٹ میں تجاوزات اور ٹریفک کی بدانتظامی کے باعث بدترین ٹریفک جام رہنے سے شہری آئے روز مسائل کا شکار رہنے لگے۔ مری روڈ چاندنی چوک سے کمرشل مارکیٹ اور سیدپور روڈ تک ٹریفک اکثر جام رہتی ہے جس کی بڑی وجہ تجاوزات ہیں جنہوں نے فٹ پاتھ اور سڑکوں تک پر قبضہ جمایا ہوا ہے اور ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں۔ شہریوں کے مطابق دیگر علاقوں سمیت کمرشل مارکیٹ تک میں خریداری کی غرض سے جانا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ٹریفک کا کوئی مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں جبکہ تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کرنے والوں نے پورے شہر کی سڑکوں اور بازاروں پر اپنا قبضہ جمایا ہو ا ہے لیکن ان کیخلاف متعلقہ حکام کی جانب سے مناسب قانونی کارروائی نہیں کی جاتی۔ مختلف علاقوں میں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر ہینگر مافیا، چپس کے سٹال، برگر اور دیگر سٹالز لگائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کا راستہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے اور انہیں مجبوراً فٹ پاتھ چھوڑ کر سڑک پر سے گزرنا پڑتا ہے جو کہ نہایت خطرناک ہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سڑکیں تنگ ہو چکی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ شہرو کینٹ کے مختلف بازاروں سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور متعلقہ ادارے اس سنگین مسئلہ کی طرف توجہ دیں تاکہ شہری بازاروں میں باآسانی جا کر خریداری کر سکیں۔