کوئٹہ(پ ر)نیب بلوچستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جناح ٹاؤن کوئٹہ میں ڈویژنل لیول پر تین ڈسٹرکٹ ، جن میں کوئٹہ ،پشین اور چمن کے طلبا و طالبات کے درمیان اردو اور انگریزی تقاریر، مضمون نویسی ، کیلی گرافی اور پوسٹر سازی کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اس طرح کے مقابلے نیب ہر سال منعقد کرواتا ہے۔ان مقابلوں کا بنیادی مقصد طلبا میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے،پروگرام کے مہمان خصوصی مرسی کور بلوچستان کے ڈاکٹر سعید احمد خان تھےجبکہ اعزازی مہمانان ڈائریکٹر نیب بلوچستان ہارون رشید اور ڈائریکٹر ہائیراینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کالجز پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ لانگو تھے۔ان کے علاوہ دوسرے تعلیمی اداروں سے آئے اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ طالب علموں نے ولولہ انگیز تقاریر پیش کرکے کرپشن اور بدعنوانی کے منفی اثرات پر اپنے انداز سے اظہار خیال کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ، ڈائریکٹر نیب ہارون رشید و دیگر نے بدعنوانی کے خلاف اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن کے خاتمے کے لئے درس گاہوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہےاور اگر اساتذہ و طالبات اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دینے کو شعار بنائیں تو یہ بھی کرپشن کے تدارک میں ایک اہم محرک بن سکتا ہے۔انہوں نے مقابلوں میں حصہ لینے والے طالب علموں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔