کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی دن کے سوچ وبچا ر کے بعد حارث رؤف، اسامہ میر اور زمان خان کو آسٹریلوی بگ بیش کیلئے این او سی جاری کردیا۔ پیر کوپی سی بی ترجمان نے کہا کہ این او سی ان کھلاڑیوں کے ورک لوڈ اور پاکستان مینز ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا گیا ہے۔ بورڈ سمجھتا ہے کہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں ہے ۔ حارث رؤف اور اسامہ میر کو پانچ جبکہ زمان خان کو چار میچوں کے لیے ایج اوسی دی گئی ہے۔ میچز 7 سے 28 دسمبر کے درمیان ہونے ہیں۔ حارث رؤف کوجمعرات کو برسبین ہیٹ کے خلاف میچ میں شرکت کرنا ہے۔ چند دن پہلے حارث نےٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ حال ہی ریٹائرمنٹ لینے والے عماد وسیم بھی میلبورن اسٹارز کا حصہ ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے این او سی کے حوالے سے جلد پالیسی بنانے کا اعلان کیا تھا جو تاحال نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف نے تین دن قبل وہاب ریاض سے رابطہ کیا تھا اور درخواست کی تھی کہ ان کا کیس ہنگامی بنیادوں پر پراسس کیا جائے۔