لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8فروری سیاسی اسموگ کے خاتمے کا دن،ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں غریب سکون کا سانس لے اور زندگی گزارنا آسان ہو، عوام ملک کو بچانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، صرف جماعت اسلامی سیاسی آلودگی کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں غریب عوام کو سکون کا سانس آئے اور زندگی گزارنا آسان ہو۔ الیکشن کا دن عوام کے لیے یوم نجات اور تین بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے یوم حساب ہو گا۔ ان حکمران پارٹیوں نے فوجی گملوں میں پرورش پائی اور قوم کے 40سال ضائع کیے، یہی سیاسی جماعتیں اور جرنیلوں کی حکومتیں پاکستان کی آزادی، خودمختاری، قومی سلامتی، مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی، لاقانونیت، غربت میں اضافے کا باعث بنیں، ان حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بنک، امریکی ڈکٹیشن پر اتنا غلام ابن غلام بنا دیا کہ یہاں قومی زبان اردو کو رائج کر سکے اور نہ ہی سی ایس ایس کا امتحان قومی زبان میں لینے کے قابل ہوئے۔