پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی اور انہوں نے خانہ کعبہ میں اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اُشنا شاہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مکہ مکرمہ سے شوہر حمزہ امین کے ہمراہ تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو اپنے دل اور دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھیں جو اپنے گھروں سے جلا وطن ہونے اور 75 سال سے زیادہ عرصے تک نسل پرستی کو برداشت کرنے کے بعد اب ایک وحشیانہ نسل کشی سے گزر رہے ہیں، وہ اس ظلم سے آزاد ہوجائیں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں شوہر حمزہ امین کو پہلی بار عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں عمرے کو آسان بنانے اور موجودہ خوفناک صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہونے پر ہمیشہ امید دلانے کے لیے ترکیہ کی تاریخی ویب سیریز ’فاتح صلاح الدین ایوبی‘ کے پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اُشنا شاہ نے مداحوں سے ویب سیریز ’فاتح صلاح الدین ایوبی‘ دیکھنے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ویب سیریز میڈیا جہاد ہے جسے دنیا کو ہمارے ہیروز، ہماری تاریخ اور ایک ایسے وقت سے آگاہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جب یروشلم پر مسلمانوں کی حکومت تھی اور تینوں ابراہیمی مذاہب کے ماننے والے وہاں امن سے رہتے تھے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔