• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر شرعی نکاح کیس، عمران، خاور مانیکا کی غیرموجودگی میں بشریٰ سے ملنے آتے تھے، گھریلو ملازم کا بیان

اسلام آباد (رپورٹ، عاصم جاوید) خاور مانیکا کے گھریلو ملازم نے نکاح سے پہلے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان ناجائز تعلقات کی گواہی دیدی۔ 

ملازم محمد لطیف نے بتایا کہ عمران خان کا 2015سے خاورمانیکا کے گھر آجانا تھا، پہلی دفعہ دونوں کو قابل اعتراض حالت میں دیکھا تو پاؤں کے نیچے سے زمین نکل گئی، خاور مانیکا کے کہنے پر کئی بار عمران خان کو گھر سے نکالا، 2017 میں خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کو طلاق دیدی تھی،عدالت نے کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ 

گزشتہ روز بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کی جانب سے دائر مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت سول جج اسلام آباد قدرت اللہ نے کی۔ اس موقع پر خاور مانیکا عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور حاضری لگوا کر واپس روانہ ہو گئے۔

 دوران سماعت مقدمہ کے چوتھے گواہ خاور مانیکا کے گھریلو ملازم محمد لطیف نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کا بنی گالہ میں خاور مانیکا کے گھر 2015 میں آنا جانا شروع ہوا، رات کے وقت آنا جانا زیادہ تھا اور وہ ہمیشہ خاور مانیکا کی غیر موجودگی میں آتے اور دونوں ساتھ کمرے میں چلے جاتے.

 بشریٰ بی بی کا نمبر بند ملنے پر خاور مانیکا مجھے ان سے بات کرانے کا کہتے تھے ، خاور مانیکا کا فون آنے پر جب کمرے میں گیا تو دونوں کو قابل اعتراض حالت میں پایا، پہلی مرتبہ قابل اعتراض حالت میں دیکھ کر زمین پاؤں کے نیچے سے نکل گئی، خاور مانیکا کو اطلاع دی.

 اس حالت میں انہیں تین چار بار دیکھا، بعد میں خاور مانیکا اور بشریٰ بی بی کی لڑائیاں شروع ہو گئیں اور 2017 میں خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کو طلاق دیدی۔ 

گواہ محمد لطیف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کئی بار ڈرائنگ روم میں بھی نازیبا حرکات کرتے دیکھا ، خاور مانیکا کے کہنے پر کئی بار عمران خان کو گھر سے نکالا ، خاور مانیکا کی فون پر بات کرانے بشریٰ بی بی کے پاس اندر جاتا تو مجھے ڈانٹ پڑتی ، خاور مانیکا بیچ میں نہ ہوتے تو بشریٰ بی بی مجھے نوکری سے نکال دیتی۔ 

گواہ محمد لطیف نے عدالت کو بتایا کہ 35 سال سے خاور مانیکا کے ہاں ملازم ہوں اسلئے انکا مجھ سے کسی قسم کا پردہ نہیں ہے ، انکے بچے میرے ہاتھوں میں پلے اور میں انکے گھر کے فرد کی طرح ہوں۔

اہم خبریں سے مزید