کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ عائشہ منزل پر عمارت میں آتشزدگی سے تباہی کیلئے افسوسناک کا لفظ چھوٹا ہے، میئر کراچی تین دن میں پریس کانفرنس کر کے بتائیں ذمہ داروں کو کیا سزا دی گئی،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام عمارتوں میں فائر سیفٹی یقینی بنانے کیلئے بہت جامع اور مفصل کام کی ضرورت ہے،کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، عائشہ منزل پر عمارت میں آتشزدگی سے تباہی کیلئے افسوسناک کا لفظ چھوٹا ہے، اداروں کی طرف سے چیک اینڈ بیلنس کا عمل رکھا جائے تو ایسے واقعات سے بچا جاسکتا ہے، اس سے پہلے بھی شہر میں آگ لگنے کے بہت سے واقعا ت ہوچکے ہیں، ایک واقعہ میں چار فائر ٹینڈرز شہید ہوئے مگر آج تک اس کی رپورٹ نہیں آئی نہ اس واقعہ کی رپورٹ آئے گی، اس شہر کے رہنے والے منتظر ہیں کہ ذمہ داروں کا تعین کب کیا جائے گا، جس طرح یہاں لگی آگ بجھ جائے گی اسی طرح فائلیں بھی خاموش ہوجائیں گی۔