کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ بھارت کو قاتلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا کہا ہے، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ تحقیقات ہر ممکن حد تک قابل اعتبار اور شفاف ہو۔ تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے پریس کانفرنس میں امریکا میں سکھ رہنما کو قتل کرنے کی سازش کے سوال پر کہا کہ یہ معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے، ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، بھارت کو ہم نے شدید خدشات سے آگاہ کر دیا ہے، بھارت نے کہا ہے کہ انہوں نے انکوائری شروع کر دی ہے، ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ تحقیقات ہر ممکن حد تک قابل اعتبار اور شفاف ہو، بھارت کو کہا ہے کہ قاتلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ ایک اور سوال کہ اقوام متحدہ حماس کو دہشت گرد تنظیم نہیں سمجھتی، کیا امریکا کو تشویش ہے کا جواب دیتے ہوئے جان کربی نے کہا کہ ہم حماس کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں، ہم نے حماس پر اضافی پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔