اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار)ایف آئی اے نے جنسی ہراسگی،کرپشن اور انسانی سمگلنگ کے الزام میں 6افراد کو گرفتارکرکے مقدمات درج کر لئے ۔سائبر کرائم سرکل راولپنڈی اور اسلام آباد نےآن لائن جنسی ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث محمد عمر، محمد جاوید اور جبران خان کو گرفتار کیا۔ ملزمان متاثرہ خواتین کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر شئیر کرنے میں ملوث پائے گئے۔ وفاقی ترقیاتی ادارے میں جعلی دستاویزات تیار کرنے اور سرکاری ریکارڈ غائب کرنے کے الزام میں ظفر محمود راجہ کے خلاف مقدمہ درج درج کر لیا گیا ، ایف آئی آر کے مطابق سی ڈی اے افسر ظفر محمود راجہ نے جعلی دستاویزات تیار کئے،ملزم نے مدعی مقدمہ سے ظاہر کیا اسکی پلاٹ مالکن کے ساتھ ڈیل ہو چکی ہے،بعد ازاں ملزم نے کروڑوں روپے وصول کر کے دستاویز فراہم کیں جو چیک کرنے پر جعلی پائی گئیں۔ملزم نے متاثرہ شہری سے 5کروڑ پچاس لاکھ روپے وصول کئے،تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جو پلاٹ فروخت کیا گیا ہے اسکی فائل 2010 سے غائب ہے۔ متاثرہ شہری نے سی ڈی اے افسر ظفر شاہ۔شبیر سٹینو گرافر۔لالہ امجد سمیت کئی افسران پر رشوت کا الزام لگایا گیا ہے، مقدمہ درج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اینٹی کرپشن سرکل،ایف آئی اے گوجرانوالہ زون اور کراچی سرکل نے بھی 3افراد کو گرفتار کیا۔