ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ بورسٹل انسٹی ٹیوٹ اینڈ جوینائل جیل بہاول پور میں اسکول میں تدریسی و تربیتی عمل کا معائنہ کیا اسیر بچوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیدی بچے جیل کے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں اور اپنی زندگی کا مقصد متعین کر کے خوب محنت کریں۔ دریں اثناء خواجہ سراؤں کی معیاری تعلیم اور فنی تربیت تک رسائی بہتر بنانے کے لیے یونیسکو کی معاونت سے جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب کے حوالے سے افتتاحی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کینال کالونی میں منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، ایڈیشنل کمشنر جام آفتاب احمد، یونیسکو پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر یوسف فلالی میکنیسی، یو این ایڈ کی کنٹری ہیڈ مس یوکی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ٹرانس جینڈر سکولوں کے طلبہ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب میں کمپوٹر، کوکنگ، بیوٹیشن، ٹیلرنگ اور پروڈکشن کے شعبوں میں فنی تربیت دی جائے گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، یونیسکو پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر یوسف فلالی میکنیسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیم کے بنیادی اور لازمی حق تک عوام کی آسان رسائی کے حوالے سے یونیسکو محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔