برمنگھم (پ ر) سابق مشیر حکومت آزاد جموں و کشمیر محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا ہے کہ کشمیری بھارتی سپریم کورٹ کے مقبوضہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے کی اپیلوں پر فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ سپریم کورٹ کےاس فیصلے پر دنیا بھر کے کشمیری بشمول بنیادی حقوق کی تنظیمیں اظہار برہمی کررہے ہیں۔بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی توہین ہے،فیصلے میں کشمیریوں کے خلاف متعصبانہ رویہ صاف نظر آتا ہے کیونکہ جب تک مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری نہیں ہوتی بین الاقوامی علاقہ متنازع رہے گا۔ بھارت یا بھارتی سپریم کورٹ کو کشمیریوں کے حق خودارادیت پر فیصلہ کرنے کا حق نہیں،انہوں نے کہا کشمیریوں کی اصل حیثیت کو ختم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سید مغل نے کہا اوورسیز کشمیری پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباسی کی پریس کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہیں جس میں انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا اور پاکستان کی پالیسی واضح ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنے تک یہ جنگ جاری رہے گی،لہٰذااس فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں۔