اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی الیکشن ملتوی کرنے کی خواہش ہے نہ ایساکوئی ارادہ ہے، سیکیورٹی صورتحال کو سیاسی طور پر استعمال کرنا نا مناسب ہے، کسی سیاسی جماعت کو الیکشن سے الگ رکھنا شفافیت پر سوالیہ نشان ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی ثبوت نہیں کہ پی ٹی آئی کے لوگوں پر پریشر ہے۔ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں اسی لئے مائنس ون کی باتیں ہوتی ہیں۔ جب پارٹیوں میں جمہوریت آئے گی تو مائنس ون ختم ہوجائے گا۔ جماعت اسلامی اس وقت جمہوری پارٹی ہے ان کا پارٹی اسٹرکچر ہے اور تنظیم بھی ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ عوام کا لاڈلہ بننا چاہیے، کسی اور جگہ کے لاڈ پیار کی عمر بہت تھوڑی ہوتی ہے،کہیں تعمیری، کہیں مثبت اور کہیں تنقید برائے تنقید ہوتی ہے لیکن تنقید تو بہرحال ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ شکوک و شبہات تو دوسروں کے ذہنوں میں آ رہے ہیں لہٰذا اس کی وضاحت اور اس کی نمائندگی بھی دوسرے افراد کریں گے۔