• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس الیکشن سپروائز کرنے کیلئے جیوڈیشری سے لوگ دیں، ہمایوں مہمند

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا ہے کہ ہمیں بیوروکریسی سے الیکشن کرانے پر تحفظات ہیں.

آج کی بیوروکریسی نگران حکومت کے زیراثر ہے، پنجاب کی بیوروکریسی انتہائی جانبدار ہے، چیف جسٹس الیکشن سپروائز کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو جیوڈیشری میں سے لوگ دیں۔ 

وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف اور پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل بھی شریک تھے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ تحریک انصاف کیسوں کی طرح الیکشن میں تاخیر کیلئے بھی حربے استعمال کررہی ہے،انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کو درخواست واپس لے لینی چاہئے تھی، دو ججوں اور دو جرنیلوں سے پوچھا جائے نواز شریف کے انتقام میں پاکستان کو کیوں ڈبودیا،فیض آباد دھرنا اور نو مئی کے منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لائیں۔قادر مندوخیل نے کہا کہ الیکشن کروانے کی مکمل ذمہ داری اب چیف جسٹس پاکستان کی ہے، سمجھنے سے قاصر ہوں کہ ماتحت جج اپنے چیف جسٹس کے احکامات کس طرح بلڈوز کرسکتا ہے، نواز شریف کے دل سے انتقام نکلا نہیں ہے.

 نواز شریف کو زیرو رسک کی یقین دہانی پر واپس آئے، ہم کہتے ہیں لاڈلا پلس ٹو نہ لاؤ شفاف الیکشن کرواؤ۔پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر ہمایوں مہمندنے کہا کہ ہمیں بیوروکریسی سے الیکشن کرانے پر تحفظات ہیں.

آج کی بیوروکریسی نگران حکومت کے زیراثر ہے، 2018ء میں بیوروکریسی نے انتخابات کروائے تو ن لیگ کو قبول نہیں تھا، اس وقت بیوروکریسی پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اٹھارہی ہے، ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی جارہی، پنجاب میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ لگادیا جاتا ہے، امیر مقام جلسہ کرے تو کے پی انتظامیہ مکمل تحفظ دیتی ہے، پی ٹی آئی اسی وقت اپنا ورکرز کنونشن کرے تو بیوروکریسی وہاں دفعہ 144نافذ کردیتی ہے۔ 

سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس الیکشن سپروائز کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو جیوڈیشری میں سے لوگ دیں، تحریک انصاف کو 2013ء میں چند سیٹوں پر آرگنائزڈ دھاندلی کا خطرہ تھا، پنجاب کی بیوروکریسی انتہائی جانبدار ہے، ہر لحاظ سے پی ٹی آئی کا دور پچھلی حکومتوں سے بہتر تھا، پی ٹی آئی دور میں جی ڈی پی ن لیگ کے دور سے بہتر ہوگئی تھی،پی ٹی آئی دور میں ایکسپورٹس اور ترسیلاب زر ریکارڈ تھیں۔

 ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کو درخواست واپس لے لینی چاہئے تھی، بیوروکریسی ماضی میں بھی الیکشن کرواتی رہی ہے، تحریک انصاف اپنے کیسوں کی طرح الیکشن میں تاخیر کیلئے بھی حربے استعمال کررہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید