• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کی پٹیشن کا مقصد الیکشن شیڈول کا راستہ روکنا تھا، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پٹیشن کا مقصد الیکشن شیڈول کا راستہ روکنا تھا،سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ملک میں فیک چیزیں چلا کر لوگوں کو کنفیوژ کیا جاتا ہے، جعلی انتخابی شیڈول جاری کرنے پر معذرت چاہتا ہوں،سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ آٹھ فروری کو الیکشن ہوجانا کافی نہیں ہے اس کی ساکھ بھی ہونی چاہئے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی پٹیشن پر حکم امتناع دیا تھا، پی ٹی آئی کی پٹیشن کا مقصد الیکشن شیڈول کا راستہ روکنا تھا، پی ٹی آئی الیکشن سے فرار چاہ رہی ہے، پی ٹی آئی کے 90فیصد ایم این ایز اور ایم پی ایز پارٹی چھوڑ کر جاچکے ہیں، عمران خان جیل میں ہیں اس لیے بھی وہ وقت لینا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے بیانات کچھ عمل کچھ اور ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ سیاسی ایجنڈے کیلئے عدالتوں کا سہارا لینے کی کوشش کی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے انتخابات کیلئے جیوڈیشل افسران فراہم کرنے سے معذ رت کی تھی، پی ٹی آئی دور کے تمام ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ایگزیکٹو افسران کو تعینات کیا تھا، تحریک انصاف ملک میں انتشار اور بے یقینی پیدا کرکے فائدہ اٹھانا چاہتی تھی، سپریم کورٹ کا بڑا بروقت اقدام ہے کہ انہوں نے اس صورتحال کا نوٹس لیا، معیشت کی بحالی کیلئے مینڈیٹ والی منتخب مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نو مئی کا ریاستی اداروں پر حملوں کا گھناؤنا جرم ناقابل معافی ہے، نو مئی کے واقعات میں ملوث مفرور لوگ پیش نہیں ہوں گے تو انتظامیہ ان کا پیچھا کرے گی، پی ٹی آئی اس صورتحال سے نکلنا چاہتی ہے تو نو مئی میں ملوث لوگوں کو پیش کردے،تمام سیاسی جماعتوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونا چاہئے، ن لیگ نے ریاستی اداروں یا چھاؤنیوں پر حملے نہیں کیے تھے۔سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، کسی بھی ادارے کی غیرضروری رخنہ اندازی الیکشن میں تاخیر کا باعث بنے گی، ملکی حالات اور آئین کا تقاضا ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں، مسلم لیگ ن انتخابات وقت پر ہونے کی مکمل حمایت کرتی ہے، میں 2024ء کے الیکشن کیلئے ن لیگ کے الیکشن سیل کو ہیڈ کررہا ہوں۔
اہم خبریں سے مزید