• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسپتالوں کی ناکہ بندی جاری، حزب اللّٰہ اور حوثیوں کے اسرائیل پر حملے، شہداء کی مجموعی تعداد 19 ہزار سے بڑھ گئی

کراچی ، غزہ(نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے اسپتالوں کی ناکہ بندی اور طبی مراکز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے،بمباری میں درجنوں افرا د شہید، شہداء کی مجموعی تعداد 19ہزار سے تجاوز کرگئی ، 8ہزار افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے دو نوجوان شہید ہوگئے ،غزہ کے چرچ پر اسرائیلی اسنائپرز کا حملہ، ماں بیٹی جاں بحق، شہید صحافی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیہ نے رواں ہفتے کے آخر میں یورپ میں قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں غزہ میں قید اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے لیے جاری مذاکرات پر بات چیت کی ہے، اسرائیلی میڈیا نے پہلی بار مذاکرات کی تصدیق کی ہے، حزب اللہ اور حوثیوں کے اسرائیل پر حملے، لبنان سے ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق ، حملے میں4اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوگئے، یمنی حوثیوں نےاسرائیل پر متعدد ڈرونز حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی شہر ایلات پر ڈرون حملے کئے گئے ہیں ، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک ڈرون کو فضا ہی میں تباہ کردیا گیا جبکہ دوسرا ڈرون دھماکے سے تباہ ہوا، مصری سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے جنوبی سینائی میں اسرائیلی سرحد کے قریب ایک ڈرون کو مار گرایا ہے ، برطانوی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے ایک جنگی جہاز نے بحیرہ احمر میں ایک مشتبہ ڈرون حملہ کو مار گرایا ہے، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے خان یونس سمیت کئی علاقوں میں اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کرنے کا بتا ہے جبکہ حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال پردوبارہ دھاوا بول دیا جہاں ہزاروں پناہ گزینوں اور زخمیوں کو کئی روز سے ناکہ بندی کا سامنا ہے ،اسپتال میتوں سے بھر گیا ہے اور زخمیوں کیلئے علاج کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے،اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں کمال عدوان اسپتال سے 90افراد کو گرفتار کیا ہے،اسی طرح صیہونی فورسز نے ایک بار پھر الاہلی اسپتال پر بمباری کردی ، خان یونس ، دیرالبلاح اور رفح سمیت غزہ کے جنوبی علاقوں پر خوفناک بمباری میں درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 19ہزار سے بڑھ گئی جبکہ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ8ہزار افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ، یروشلم کے لاطینی چرچ کےسربراہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اسنائپر نے غزہ میں ہولی فیملی پیرش میں دو عیسائی خواتین ماں اور بیٹی کو گولیاں مار کر جاں بحق کر دیا، جہاں 7اکتوبر سے عیسائی خاندانوں کی اکثریت پناہ لئے ہوئے ہے۔

اہم خبریں سے مزید