اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کافیصلہ قوم کے احساسات کی ترجمانی ہے، الیکشن التوا کی سازشیں دم توڑ گئیں، شکوک وشبہات ختم ہوگئے۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرا کے تاریخ میں مقام بنائے۔ بدامنی سب سے بڑا مسئلہ، ملک میں امن و استحکام کے لیے مضبوط فوج اورپولیس کے ساتھ عوامی حمایت یافتہ حکومت کی تشکیل لازم ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ملک میں امن قائم کرے گی تاکہ خوشحالی و ترقی کے راستے کھلیں، ملک آگے بڑھے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی باربار آزمائی جاچکیں، پی ٹی آئی نے پونے چار سال ضائع کیے، جماعت اسلامی ہی بہترین متبادل ہے، عوام ترازو پر مہر لگا کر ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں۔ گجرانوالا میں خوشحال پاکستان کارواں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ دو خاندان ملک میں بادشاہت کا نظام چاہتے ہیں، انہوں نے سالہا سال حکومت کی اور اپنی جائدادیں بنائیں، بیرون ملک آف شور کمپنیاں تشکیل دی گئیں، حکمرانوں نے ملک کے وسائل لوٹ کر اپنی اولادوں کا مستقبل محفوظ، قوم کے بچوں کا تباہ کیا، کوئی ادارہ، عدالت طاقتور حکمران طبقہ کا احتساب نہیں کرسکی، عوام ووٹ کی طاقت سے ہی کرپٹ مافیا، ظالم جاگیرداروں کا احتساب کرسکتی ہے۔