کوئٹہ( این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے ،بلوچستان کو پہلے سے دس گنا بہتر بنائینگے، افغانوں کی چالیس سال تک مہمان نوازی کی مگر آج بھی افغان ہمارا بھائی نہیں بن رہا،ہم نے ملکی معاشی حالات ٹھیک کرنا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت میں منعقد ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سرفراز بگٹی نے پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی کنونشن سے پارٹی رہنماء نواب ثناء اللہ زہری، میر ظہور بلیدی اور سرفراز بگٹی نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں پارٹی کی صوبائی قیادت کے علاوہ مکران سمیت صوبے کے مختلف علاقوں سے پارٹی ورکرز شریک ہوئے۔آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کو دنیا کا بڑا ملک بناسکتاہے مگر یہ سب بھائی چارے سے بنے گا یہ ماردھارسے نہیں ہوگا۔اسرائیل فلسطین میں ماردھاڑ کر خوش نہیں رہ سکتا، انشاء اللہ ہم بلوچستان میں امن لائیں گے، پانی کامسئلہ بھی حل کرینگے، بلوچستان کو اسلام آباد نے سمجھا نہیں ہے، وہ سندھ، پنجاب اورکے پی کوبھی نہیں سمجھتا، ہم آپ کے غم سمجھتے ہیں۔