اسلام آباد(ایجنسیاں)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے جب بھی افغان حکومت کے ساتھ سیکورٹی کے مسائل پر بات چیت کی توانہوں نے کہاکہ پہلے اپنا گھر سنبھالو۔ پاکستان نے آخرکار فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم اب اپنا گھر سنبھالیں گے‘ہم نے ان کا مشورہ مان لیاہے ‘ پاکستان تاریخ کے دوراہے پر ہوتے ہوئے اتنی بڑی تعداد میں غیر دستاویزی افراد کوٹھہرا کر اپنی قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کر سکتا ۔ وزیراعظم نےبرطانوی اخبار ’’دی ٹیلی گراف ‘‘میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں تحریر کیا کہ پاکستان میں گزشتہ تین سے چار دہائیوں کے دوران چار سے پانچ ملین کے درمیان تارکین وطن آچکے ہیں جو آئر لینڈ کی آبادی کے برابر ہیں۔مہمان نوازی پاکستان کے ڈی این اے میں ہے ‘ ہم نے طویل عرصہ جتنے لوگوں کو جگہ دے سکتے تھے انہیں یہاں رکھنے کیلئے بہت محنت کی جبکہ جن کا یہاں رہنے کا کوئی حق بھی نہیں تھا ان کو بھی رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کیلئے مناسب موقع دیا۔