• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وعدہ کرتا ہوں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جسٹس عقیل احمد عباسی نے سندھ ہائیکورٹ کے 24ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس عقیل احمد عباسی سے عہدے کا حلف لیا، تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس نے مزار قائد پر حاضری دی، اس موقع صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عقیل احمد عباسی نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا ۔ تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے سابق ججز ، آئی جی سندھ، سینئر وکلاء، بار کے عہدیداران سمیت چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کے اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے مزار قائد پر حاضری دی۔ فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ آج مجھے بے انتہا خوشی ہے، میں نے اللہ سے بہت دعا کی ہے، بے شمارقربانیاں ہیں اس ملک کیلئے، میرے لیے سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بننا اعزاز کی بات ہے۔ چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتا ہوں، انصاف ہوتا ہوا نظر آئیگا۔ میڈیا کے لیے کہونگا اچھی رپوٹینگ کریں مایوس نہ ہوں اللہ کی زات پر یقین رکھیں، غلط خبریں دینے والوں سے بچیں۔ بعد اذاں مہمانوں کی کتاب میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
اہم خبریں سے مزید