اسلا م آباد(صباح نیوز)احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق خاتون اول بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کو سماعت کیلئے مقرر کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 23 دسمبر کو ریفرنس کی سماعت کرینگے۔ احتساب عدالت نے سماعت کے حوالے سے ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے گزشتہ روز دائر ہونے والے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی جانب سے 108 تحائف ملے جن میں سے 58تحائف ملزمان نے رکھ لیے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال یکم اگست کو چیئرمین نیب نےتوشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیئے اور پھر ڈی جی نیب نے گزشتہ سال5اگست کو شروع کیں۔ریفرنس کے مطابق رواں سال 14جولائی کو توشہ خانہ کی تحقیقات تفتیش میں تبدیل ہوئیں، بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا گیا، توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔