• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپریشن ہے تو کیا روٹی نہ کھاؤں، پڑی رہوں، صحیفہ جبار کا ٹڑولرز کو کرارا جواب

صحیفہ جبار خٹک --- فائل فوٹو
صحیفہ جبار خٹک --- فائل فوٹو

حال ہی میں خودکشی کی کوشش کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے ٹرول کرنے والے سوشل میڈیا صارف کو کرارا جواب دے دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے کچھ عرصہ قبل ذہنی تناؤ سے متعلق پوسٹ شیئر کی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وہ ان دنوں ذہنی تناؤ سے گزر رہی ہیں جس کے لیے انہیں ادویات کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے اور اسی کے پیش نظر انہوں نے خودکشی کی کوشش بھی کی اور ساتھ ہی اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ ایک دن یہ دنیا بہتر جگہ بن جائے۔

بعدازاں انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ گھومتے پھرتے خوش گوار لمحوں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جس سے اندازہ ہو رہا تھا کہ وہ ذہنی تناؤ سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

تاہم اب سوشل میڈیا صارفین نے ان کی مختلف شیئر کردہ پوسٹس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ کیا اداکارہ واقعی ذہنی تناؤ کا شکار ہیں؟

ایک صارف نے لکھا کہ کبھی یہ اپنی ذہنی تناؤ سے لڑتے ہوئے ویڈیو شیئر کرتی ہے اور اگلے ہی لمحے اپنے شوہر کے ہمراہ، پھر یہ اپنے دوستوں کے ساتھ باہر گھومتے اور کھاتے ہوئے ویڈیو شیئر کرتی ہیں اور پھر اگلے ہی لمحے اس طرح کے کپڑے پہن کر باہر نکل جاتی ہیں۔عجیب ڈرامہ ہے۔

سوشل میڈیا پر ٹرول اور  تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو صحیفہ جبار خٹک نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

انہوں نے صارف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹا اگر ڈپریشن ہے تو کیا روٹی نہ کھاؤں؟، نوکری نہ کروں؟  رو رو کے دکھاؤں اور اذیت دیتی رہوں؟، نہا دھوکر صاف کپڑے نہ پہنوں؟، گندے غلیظ کپڑوں میں نماز پڑھ لوں؟، فضول باتیں یہاں نہ کرو، نکلو یہاں سے ’جاہل‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انہوں نے اس طرح ٹرول کرنے والے صارف کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں کسی کو بھی اپنے آپ کو ہراساں کرنے نہیں دوں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید